کاروار:3/مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ سمیت اترکنڑا ضلع کے 10تعلقہ جات میں زیر زمین پانی کو استعمال کے لائق مان کر ان تعلقہ جات میں خانگی طورپر کنوؤں کی کھدائی کے لئے حکومت نے منظوری دے دی ہے۔
انکولہ ، بھٹکل ، ہوناور ، کاروار، کمٹہ ، منڈگوڈ، سداپور، سرسی ، جوئیڈا اور یلاپور تعلقہ جات میں بورویل کھدائی کو لے کر جو پابندی لگائی گئی تھی، اُس حکم نامے میں اب ترمیم کی گئی ہے۔ گذشتہ 5سالوں سے بارش کی قلت کی وجہ سے ضلع اُترکنڑا میں قحط کی صورت حال کاسامنا ہے۔ ڈیم اورتالابوں میں پانی کی سطح میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے، اسی کے پیش نظر عوام اور جانوروں کو پینے کے پانی کی قلت کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے خانگی سطح پر بورویل کھدائی پر پابندی عائد کرتے ہوئے حکم نامہ جاری کیا گیا تھا۔ اس کے بعد حکومت نے مختلف محکمہ جات ، بورڈس کے ذریعے تصدیق کردہ پینےکے پانی کے مقاصد کی خاطر اور گنگاکلیان یوجنا اور ایس سی ایس ٹی منصوبے کے تحت نئے بورویل کی کھدائی کے لئے اجازت دی ہے ۔ ریاستی زیر زمین ڈائرکٹوریٹ نے ریاست کے 65تعلقہ جات کو زیر زمین پانی کو استعمال میں لانے کے لائق سمجھا ہے،جس کے تحت اترکنڑا ضلع کے 10تعلقہ جات میں بورویل کھدائی کے لئے جو پابندی عائد کی گئی تھی اس میں ترمیم کرتے ہوئے خانگی سطح پر کنووں کی کھدائی کے لئے حکومت نے منظوری دی ہے۔